«

»

Mar 17

تاج نستعلیق پروجیکٹ اپ ڈیٹ

 

جہان قلم ـ ـ ـ ـ کی وساطت سے آپ کو اب تک بہت سے رنگا رنگ یونی کوڈ اردو فونٹ فراہم کیے جا چکے ہیں اور  ہنوز یہ عمل مسلسل جاری ہے اس طرح اب  اردو  زبان ٹائیپو گرافی  کے میدان میں بھی خود کفیل ہوتی جا رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب اردو زبان اس اعتبار سے مالا مال ہو جائے گی

جہان قلم پر نہ صرف مختلف لوگوں کے بنائے ہوئے فونٹس  فراہم کیے جاتے ہیں بلکہ القلم کی جانب سے بھی نئے فونٹس ریلیز کیے جا رہے ہیں القلم فونٹ سیریز اس سلسلہ  میں ایک اہم پیش رفت ہے

القلم قرآن فونٹ القلم کا ایک اور اہم کارنامہ ہے  اور اس فونٹ کی خوبی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مشہور زمانہ کلین ٹچ اردو ڈکشنری بنانے والے ادارہ نے اپنے قرآنی سافٹ ویئر خزائن الہدایت کے لیے القلم قرآن فونٹ کو منتخب کیا

اسی طرح القلم کے زیر اہتمام اردو کا پہلا  ترسیمہ جاتی فونٹ علوی لاہوری نستعلیق کے نام سے ریلیز کیا گیا جس کے خالق  جناب امجد حسین علوی ہیں القلم نے نہ صرف  اس فونٹ کی تیاری میں  فونٹ کے خالق کی  قدم قدم پر حوصلہ افزائی کی بلکہ القلم کی جانب سے سید تفسیر حسین اور  جناب فاروق سرور خان نے 75000 روپے کا نقد انعام  دیا

علوی نستعلیق کے بعد پھر  جمیل نستعلیق اور  فیض نستعلیق کی یکے بعد دیگرے ریلیز نے واقعی اردو ٹائیپو گرافی کے میدان میں  نئے نئے  امکانات پیدا کیے  لہذا القلم نے

تو رہ نورد شوق ہے منزل نہ کر قبول

کی مصداق   ان نستعلیقی خطوط پر  اکتفا نہیں کیا بلکہ ستاروں سے آگے کے جہانوں کی تلاش میں سرگردانی اختیار کی اور  اپنے لیے ایک اور سنگ میل کا تعین کیا

یہ سنگ میل کیا ہے؟

عرصہ دراز سے یہ بات محسوس کی جارہی تھی کہ موجودہ نوری نستعلیق ہاتھ سے کی گئی کتابت یا خطاطی کا متبادل نہیں گو کہ اس خط نے اپنی مقبولیت کی معراج پائی اور  اردو مواد کی طباعتی دنیا میں  ایک طویل عرصہ تک  ان پیج اور نوری نستعلیق کا راج رہا اور آج بھی صورت حال یہ ہے کہ کوئی بھی دوسرا رسم الخط اس کے مقابلے میں نہیں آسکا ـ

احباب نے بڑی محنت اور کاوش سے اس  رسم الخط کو ان پیج کے تسلط سے تو آزاد کرا لیا لیکن اوپن ٹائپ میں کوئی ایسا خط ہنوز پیش نہیں کیا جا سکا جو کہ  نوری نستعلیق کا حقیقی حریف اور متبادل ثابت ہو سکےـ اوپن ٹائپ میں نفیس نستعلیق گو کہ نسبتا اچھا خط ہے لیکن بہت زیادہ سست رفتار ہونے کی بنا پرپبلشنگ کی دنیا میں  نوری نستعلیق کا متبادل ثابت نہیں ہوسکا ـ اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اس میں ترسیمہ جات کی شمولیت کی تجویز بہت پہلے سے میرے پیش نظر موجود تھی  اور  اس سلسلہ میں، میں اور الف نظامی بات چیت بھی کر چکے تھے لیکن  لاہوری انداز میں بہتر سے بہتر  خط کا انتخاب   اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے میں حائل ہوا اور طے پایا کہ نفیس نستعلیق میں ترسیمے ڈالنا کوئی مشکل کام نہیں اب جبکہ نبیل اور ابرار بھائی جیسے پروگرامرز نے ہمارے لیے بہت سے ٹول لکھ کر آسانیاں پیدا کر دی ہیں تو یہ کا م کوئی مبتدی بھی کر سکتا ہے لہذا اس کام کو ان لوگوں کے لیے چھوڑ دیا جائے جو فونٹ سازی میں نئے آئے ہیں اور ذوق و شوق سے کام کر رہے ہیں ـ

اسی طرح میں نے علوی نستعلیق کے گھیرے تبدیل کرنے کا کام شروع کیا تھا  لیکن اس کام کو بھی  میں نے ایسے ہی نوواردان چمن کے لیے چھوڑ دیا اور اس کا باقی ماندہ کام اشتیاق علی مکمل کر رہے ہیںـ ان پیج کے لگیچرز پر مبنی تمام فونٹس تیار ہو چکے ہیں جن میں علوی، جمیل اور فیض شامل ہیں اس لیے اپ ان پیج کے ترسیموں پر کام کرنا وقت کا ضیاع ہی ہوگاـ اور نفیس کی بیس تو پہلے سے موجود ہے تو ترسمیہ جات پر مبنی فونٹ تھوڑی سی محنت سے تیار ہو جائے گا ــ اسلیے ضروری ہے کہ کوئی ایسا کام کیا جائے جو منفرد بھی ہو، ہماری امنگوں کا آئینہ دار بھی ہو اسی طرح  ایک ایرانی خط منظر عام پر آیا جو کہ میر عماد الحسینی کے طرز کتابت پر مبنی تھا لیکن اس ایرانی اسلوب نستعلیق کو برصغیر میں وہ پذیرائی حاصل نہ ہو سکی  گو کہ اس خط میں بہت سی خوبیاں ایسی ہیں جو اس خط کو مشینی کتابت کے درجہ سے نکال کر  دستی کتابت کے قریب کر دیتی ہیں تاہم بر صغیر پاک و ہند میں چونکہ نستعلیق طرز کتابت میں مقبول عام کا درجہ لاہوری نستعلیق کو حاصل ہے اس لیے اس کی پذیرائی نہ ہو سکی  میں نے ایرانی طرز کے اس  نستعلیق میں بھی لگیچر ڈالنے کا کام شروع کیا تھا اور تقریبا سات ہزار لگیچر ڈال چکا تھا لیکن بوجوہ تعطل کا شکار تھاـاس مرحلہ پر مجھے اس عماد نستعلیق پر رکے ہوئے کام کا خیال بھی آیا  ـ سوچا کہ اس کو مکمل کیا جائے لیکن پھرسوچا کہ عماد نستعلیق کی پذیرائی کچھ زیادہ نہیں ہوئی تھی کیونکہ برصغیر کے لوگوں کے مزاج نستعلیق کے ایرانی اسلوب سے اتنے آشنا نہیں ہیں اور یہاں پر سب سے مقبول لاہوری نستعلیق ہے اس لیے اصولا کام تو لاہوری نستعلیق پر ہی ہونا چاہیئے دوسرے یہ کہ جتنی محنت مجھے عماد نستعلیق میں لگیچرز کی تیاری کے لیے کرنا پڑ رہی تھی اور خصوصا جب رضا کار بھی دستیاب نہ تھے ﴿گوکہ چند احباب نے میری بہت مدد کی خاص طور پر خاور بلال، ایم بلال اور عبدالمجید ﴾ اس لیے میں نے سوچا اگر یہی محنت لاہوری پر کی جائے تو شاید محنت ٹھکانے لگ جائےـ

اس ضرورت کے پیش نظر ہم نے لاہوری طرز کتابت پر مبنی خط کی تیاری کو اپنا ہدف مقرر کیا اور  اس کو عملی جامہ پہنانے کے کے لائحہ عمل پر غور شروع ہوا

 

اورضروریات کو بھی پورا کرتا ہوـ

 

چنانچہ میں میں فیصلہ کر لیا اور اس سلسلہ میں ایک لائحہ عمل مرتب کیا جس کی تفصیلات یہ ہیں

بر صغیر کے نامور خطاط ـ ــ ـ خطاط الملک استاد تاج الدین زرین رقم کی خطاطی کی بنیاد پر ایک کیریکٹر بیس فونٹ تیار کیا جائےـ

جب یہ کیریکٹر بیس فونٹ تیار ہو جائے تو پھر اس فونٹ کی مدد سے ترسیمے تیار کیے جائیں اور اس فونٹ میں ڈال دیے جائیں

کیریکٹر بیس فونٹ کا بنیادی مقصد چونکہ ترسیمہ جات کی تیاری ہے اس لیے اس میں نقاط کو غیر فعال رکھا جائے تاکہ ہم بغیر نقاط کے سادہ کشتیاں تیار کردے جب کہ نقاط کو کورل ڈرا میں ترسیمہ جات کی نوک پلک درست کرتے وقت شامل کیا جا سکتا ہے یا فونٹ کرییٹر میں بھی یہ عمل انجام دیا جا سکتا ہے

فونٹ کا بنیادی سٹرکچر اور وولٹ ورک کے لیے میں نے عماد نستعلیق کے سٹرکچر کو ہی بہترین جانا کیونکہ اس میں حروف کا تمام ممکنہ اشکال کو شامل کیا گیا ہے اور الفاظ کی خوبصورتی کا خصوصی اہتمام ہے نیز کشیدہ کی سہولت بھی فراہم ہے

سو دوستو میں نے اللہ کا نام لیکر کام شروع کر دیا اور خطاط الملک تاج الدین زرین رقم کے ” مرقع زرین” سے اشکال کو اخذ کرنا شروع کر دیا

حروف کی ابتدائی اور آخری اشکال اخذ کرنے میں تو کوئی دشواری نہ ہوئی تاہم درمیانی اشکال کے سلسلہ میں مشکلات کا سامنا ہوا کیونکہ مرقع زریں میں موجود تختیاں اس مقصد کے لیے ناکافی تھی چنانچہ ادھر ادھر سے زریں رقم کی کچھ اور خطاطیاں حاصل کی گئیں کچھ خوشید عالم گوہر قلم کی خطاطیوں سے استفادہ رہا اور بالآخر میانہ اشکال بھی اخذ ہوگئیں

اور الحمد للہ میں نے عماد نستعلیق کے سٹرکچر پر ایسا فونٹ بنا لیا جس میں مرقع زریں سے اخذ کی گئی اشکال استعمال ہو رہی ہیں او نتائج اللہ کے فضل و کرم سے بہت شاندار ہیں

کیریکٹر بیس فونٹ کی تیاری تک کا مرحلہ تقریبا چھ ماہ سے زائد عرصہ میں مکمل ہوا اور اب دوسرے مرحلہ پر لگیچرز کی تیاری کا کام ہے ہے جو کہ بحمد اللہ ہم نے شروع کر دیا ہے

میں اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ابرار بھائی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اپنے اطلاقیہ میں کشتیوں کی تخریج کا نظامیہ فراہم کر کے ہمارے کام کو بہت آسان کر دیا ہے ان کے لیے دل سے دعائیں نکلتی ہیں اللہ انہیں ہمت عطا فرمائے

لگیچرز کی تیاری کے کام میں فی الحال اشتیاق علی میرا ساتھ دے رہے ہیں اگلے مراحل میں برادرم ابوشامل بھی ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں گے اور انشاء اللہ ہمارا یہ سفر جاری و ساری رہے گا یہ تھی میری اب تک کی کارگزاری کی رپورٹ ــ ـ ـ ـ ـ

نئے فونٹ کی مدد سے تیار کیے گئے  کچھ نمونے:ـ

taj-1

taj-2taj-3

 

اس فونٹ میں تطویل  یعنی کشیدہ کی سہولت بھی فراہم ہوگی کشیدہ حروف کے چند نمونے دیکھیے

taj-4taj-5

28 comments

  1. ڈفر - DuFFeR

    ما شا اللہ
    مجھے تاج الدین زریں کا خط بے انتہا پسند ہے
    اگر آپ ان کے خط سے متعلق کچھ مدد چاہتے ہوں تو ان کے شاگرد جناب رشید بٹ صاحب سے اسلام آباد میں یا خواجہ محمد حسین صاحب سے راولپنڈی میں رابطہ کر سکتے ہیں
    امید ہے آپ کی لفظوں کی درمیانی اشکال کا مسئلہ حل ہو جائے گا
    اللہ آپ کو کامیابی سے نوازے
    آمین

  2. عمر احمد بنگش

    ماشاء‌اللہ نہایت عمدہ کام کر رہے ہیں‌آپ اصحاب

  3. arifkarim

    بہت اعلیٰ!

  4. محمد رضوان

    بہت اچھے

  5. فارغ

    بہت خوب!

  6. ابن سعید

    کیا کیریکٹر بیسڈ فانٹ کی مدد سے لگیچر بنانے کا سعد بھائی آئیڈیا اس کام میں معاون نہیں ہو سکتا؟ اس کام میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے اور تفصیلات ارد محفل میں موجود ہیں۔

    http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?t=28713

  7. الف نظامی

    واہ کیا زبردست نستعلیق فانٹ ہے!!!
    بہت عمدہ!!!

  8. اشتیاق علی قادری

    تاج الدین کی خطاطی پر مبنی یہ فونٹ دیکھ کر مجھے ذاتی طور پر خوشی ہو رہی ہے ۔ اور میں بہت خوش بھی ہوں کہ اس فونٹ کے لیے میں ادنی سا کردار ادا کر رہا ہوں۔

  9. محب علوی

    بہت عمدہ شاکر صاحب

    اللہ کرے یہ فانٹ بھی جلد از جلد منظر عام پر آ جائے

  10. القلم

    ابن سعید بھائی
    ہم کیریکٹر بیس فانٹ کی مدد سے ہی لگیچر تیار کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے میں نے چھ ماہ کی طویل محنت سے کیریکٹر بیس فانٹ تیار کیا ہے اور اب اسی سے لگیچر تیار ہو رہے ہیں
    کوئی بھی کیریکٹر بیس نستعلیق فانٹ خواہ کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو مکمل طور پر درست کام نہیں کرتا حروف کے نقاط کا ایک جگہ پر جمع ہو جانا سب سے بڑا مسئلہ ہے اسی لیے ہمیں لگیچرز کو کورل ڈرا میں لے جا کر نقاط کو درست مقامات پر بٹھانا پرٹا ہے اور لگیچر کی نوک پلک بھی درست کی جاتی ہے
    اردو محفل والا موضوع میرے پیش نظر ہے لیکن اس سمت میں تو ہم سعد بھائی کے آئیڈیا سے بہت پہلے سے کام کر رہے ہیں

  11. القلم

    ما شا اللہ
    مجھے تاج الدین زریں کا خط بے انتہا پسند ہے
    اگر آپ ان کے خط سے متعلق کچھ مدد چاہتے ہوں تو ان کے شاگرد جناب رشید بٹ صاحب سے اسلام آباد میں یا خواجہ محمد حسین صاحب سے راولپنڈی میں رابطہ کر سکتے ہیں
    امید ہے آپ کی لفظوں کی درمیانی اشکال کا مسئلہ حل ہو جائے گا
    اللہ آپ کو کامیابی سے نوازے
    اآمین

    ڈفر جی!
    مجھے خوشی ہوئی کہ آپ لوگ میرے کام کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں
    میں نے درمیانہ اشکال مکمل کر لی ہیں اور ایک کیریکٹر بیس فونٹ تیار ہو چکا ہے
    اب تو لگیچرز کی تیاری کا مرحلہ درپیش ہے

  12. القلم

    اللہ کرے یہ فانٹ بھی جلد از جلد منظر عام پر آ جائے

    محب علوی!
    آپ کی محبت ہے بس دعا کرتے رہیں

  13. صاحب

    قبلہ یہ فونٹس ڈاؤن لوڈ کہاں سے کرنے ہیں؟؟

  14. اشتیاق علی قادری

    حضرت یہ فونٹ ابھی بن رہا ہے پچاس فیصد کام ہو چکا ہے۔ پر آپ دعا کیجئے کہ اس کا باقی ماندہ کام جلد مکمل ہو جائے ۔

  15. محمد عویدص عطاری

    ہمارے دعائیں آپکے ساتھ ہے اشتیاق علی بھائی :)

  16. عامر راحیل

    بہت اعلی
    بہت اعلی
    ماشا اللہ
    اللہ آپ کو اپنے مقصد میں بہت جلد کامیاب کرئے۔ آمین
    شدت سے فونٹ کے ریلیز ھونے کا انتظار ھے۔

  17. محمد معروف

    آپ جیسے لوگ اور ادارے اللہ ملک و وملت کا سرمایہ ہں کہ آپ لوگ اردو زبان اور اس کے فونٹس کیلئے اتنا کام کررہے ہیں اللہ آپ کو جزائے خیر دے آمین۔

  18. محمد طاہر حجازی

    محترم بھائی
    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
    اللہ آپ کو اس کام میں لگے رہنے کی وسیع قوت عطاء فرمائے
    راقم الحروف عرصہ ۱۲ سال سے گرافک ڈیزائننگ کے شعبہ سے منسلک ہے اور بندہ نے اس میدان میں جس دن آنکھ کھولی تو پہلا واسطہ کتاب سے ہی پڑا کیونکہ بندہ کے والد ایک نامور خطاط ہیں اور سید نفیس الحسینی شاہ صاحب کے شاگرد ہیں ۱۹۹۸ میں جب ان پیج عام ہوا تو خطاط کی ویلیو کچھ کم ہوگئی لیکن جیسے جیسے وقت نے ان پیج کو عام کیا تو اچھا لکھنے والوں کی قدر میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا اس سلسلہ میں میں حضرت نفیس رقم کا تذکرہ کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے بھی نستعلیق کو ایک نئی جہت دی اور بہت خوبصورت تبدیلیاں کیں جس سے اس خط کو وہ روپ ملا جس کا اس خط کو خود بھی انتظار تھا دریں اثنا بندہ نے شاہ صاحب کے حلقہ ارادت میں کچھ وقت گزارا اور حضرت نے کچھ کام کرنے کے لیے دیا جس میں بندہ نے ان کی پرانی خطاطی میں سے الفاظ چن کر سرورق لکھ ڈال اور بہت ڈرتے ڈرتے صاحب خطاط کے سامنے پیش کیا
    خلاف توقع حضرت نے اسی تیار کی ہوئی خطاطی کو چھاپنے پر رضامندی ظاہر کر دی
    اس دن بندہ کو احساس ہوا کہ تجھ میں کیا خوبیاں اللہ نے پیدا کر دی ہیں
    چنانچہ میں اسی دن سے فانٹ بنانے کے بارے میں سوچنے لگا
    لیکن نستعلیق کا سکرپٹ انتا مشکل ہے کہ اس کے لیے فانٹ ڈویلپر ہونا بہت ضروری ہے اور پھر لگیچر بیسڈ فانٹ اور اس پر وولٹ کا چلانا تو انتہائی ماہروں کا کام ہے البتہ لگیچرز کی تیاری میں بندہ آپ کا ساتھ دینے کا متمنی ہے ای میل کے ذریعے جواب کا انتظار رہے گا
    اللہ آپ کو استقامت دے۔ آمین

  19. القلم

    محترم طاہر حجازی

    السلام علیکم ۔۔۔ امید ہے آپ بخیرو عافیت ہونگے

    جہان قلم پر تاج نستعلیق پرو جیکت میں آپ کے تاثرات پڑ کر بہت خوشی ہوئی

    اس سلسلہ میں چند معروضات

    مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ ڈیزائننگ اور گرافکس کے شعبہ سے منسلک ہیں اور خطاطی کے اسرار و رموز سے بھی آگاہ ہیں

    شاہ صاحب کی خطاطی سے ماخوذ فونٹ تیار کرنے کی خواہش تو میری بھی تھی لیکن یہ اتنا دقت طلب کام ہے کہ ایک وقت میں دو دو پرو جیکیٹس پر میرے لیے کام کرنا ممکن نہ تھا کیونکہ میں اکیلا ہوں اور پھر میرے پاس شاہ صاحب کی خطاطی بھی اتنی مقدر میں موجود نہ تھی چنانچہ میں مرقع زرین کو بنیاد بنا کر کام شروع کر دیا اس میں سے بھی مجھے درمیانی اشکال کے سلسلہ میں مشکلات پیش آئیں اور میں نے گوہر صاحب کی خطاطی سے مدد لی

    اب یہ فونٹ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے آپ دعا فرمائیں

    اب آتے ہیں آپ کی جانب

    اگر آپ لگیچرز کی تیاری میں میرے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں تو یہ انتہائی خوشی کی بات ہوگی اس سلسلہ میں میری خواہش ہوگی کہ آپ

    نفیس نستعلیق پرو جیکت کے لیے لگیچر سازی کا کام شروع کریں لگیچرز تیار ہو جائیں تو پھر فونٹ کی سکرپٹنگ اور وولٹ کا سارا کام میرے ذمہ انشاء اللہ ہم اس میں ضرور کامیاب ہونگے

    اگر آپ لگیچر سازی کے لیے تیار ہوں تو پھر آپ مطلع فرمایئے میں آپ کو بنیادی معلومات فراہم کر دونگا تاکہ آپ اپنے کام کو سائنٹیفک بنیادی پر شروع کر سکیں

    میں آپ کو اپنے گوگل ٹاک میں ایڈ کر رہا ہوں آپ اگر آپ اسے استعمال کرتے ہیں تواسے منظوری دے دیجئے گا تاکہ براہ راست بات چیت ہو سکے

    اور ہم اپنا لائحہ عمل طے کر لیں نیز کام کے دوران روابط بھی بحال رہیں

    والسلام

    سید شاکرالقادری

  20. Aamir Sohail

    ما شاء اللہ بہت عمدہ کام ہے یہ جلد از جلد سامنے آنا چاہیے۔ کیا اس کا کوئی Beta Version مل سکتا ہے۔ کہیں سے

  21. القلم

    عامر سہیل پسندیدگی کے لیے شکریہ
    جب تک فونٹ مکمل نہیں ہو جاتا اس کو کسی بھی حیثیت میں چاہے بیٹا ورزن ہی کیوں نہ ہو ریلیز نہیں کیا جا سکتا

  22. حسن خان

    اسلام عليکم ورحمتہ اللہ
    ماشاءاللہ بہت عمدہ فانٹ ہے اور مجھے بے حد پسند آيا۔ اَللہ آپ کوہمت عطاءفرمائے تاکہآپ اس فانٹ کو جلد ازجلد مکمل کر سکيں۔
    آمين

  23. ن۔ حسن

    بہت اچھا!
    ماشاء اللہ بہت عمدہ!

  24. hyder khan

    Mashallah Bahot khoobsurat font hai bhai inshallah aplogon ki mahnat bahot jald maqbool hogi meri ye dua hai ap log urdu duniya mein maqbool hojaye kya ye font abhi download karsakte hain hum log ?

  25. ثاقب شاہ

    اسلام علیکم
    مجھے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ آپ لوگ اس کام میں مصروف عمل ہیں۔ اللہ آپ جیسے تخلیق کاروں کو آباد رکھے۔ میں نے ایک کتاب مکمل جمیل نوری نستعلیق میں کمپوز کی ہے۔ واقعی مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک مکمل فانٹ ہے جس میں تمام حروف کو درست انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ آپ میری بنائی گئی کتاب میرے بلاگhttp://colourislam.blogspot.com/پر دیکھ سکتے ہیں،

  26. سعد اعظمی

    اللہ کرے یہ فانٹ بھی جلد از جلد منظر عام پر آ جائے

  27. ارتقاءحیات

    بہت خوبصورت فونٹس ہیںاللہ آپ کی بھر پور مدد اور ہمتعطا فرمائے آمین

  28. پرویزقادر

    سرإیکی میں اردو کے ساعت حروف شامل ہیں ، اور پانچ خاص حروف ہیں۔ اگر سرإیکی کی بورٍ اور فوںٹ کو استعمال کریں تو اس سے اردو پنجابی ھندکو کشمیری ؔسانی سے لکھی جاسکتی ھیں۔سرایکی کی بورٍ اورفونٹ مفت ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

You may use these HTML tags and attributes: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <strike> <strong>